یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے اداکارہ درِفشاں سلیم سے منسوب شادی کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا اداکارہ سے کسی بھی قسم کا ذاتی تعلق نہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر رجب بٹ اور درِفشاں سلیم کی مبینہ شادی سے متعلق مختلف خبریں گردش کرتی رہیں، تاہم ان دعوؤں کی کسی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی۔ اس سے قبل درِفشاں سلیم کی اسٹائلسٹ بھی ان خبروں کی تردید کر چکی تھیں، جبکہ رجب بٹ نے بھی ان افواہوں کو مسترد کیا تھا۔اب یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر تہمینہ شیخ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رجب بٹ نے کہا کہ درِفشاں سلیم ان سے سینئر ہیں، اپنی فیلڈ میں باعزت مقام رکھتی ہیں اور ان کے درمیان کسی قسم کا ذاتی تعلق موجود نہیں۔رجب بٹ نے بتایا کہ انہیں بھی اس افواہ کا علم سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا، جب صارفین نے مسلسل ان سے اس حوالے سے سوالات کرنا شروع کیے۔انہوں نے کہا کہ غیر مصدقہ اور بے بنیاد خبریں پھیلانا افسوسناک عمل ہے، کیونکہ اس سے متعلقہ افراد کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔رجب بٹ نے مزید کہا کہ انہوں نے فوری طور پر ان افواہوں کی تردید اس لیے کی تاکہ درِفشاں سلیم کے لیے کسی قسم کی مشکل یا غلط فہمی پیدا نہ ہو، کیونکہ یہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد تھی۔