مورچوں کو مضبوط ، بیرونی دیواریں ڈبل کے احکامات جاری کیے: آئی جی
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت دریائی چیک پوسٹوں کی سکیورٹی، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا ترجمان پولیس کے مطابق جس میں صوبہ بھر میں قائم دریائی چیک پوسٹوں کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیااجلاس میں آئی جی پنجاب نے دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات افسران و اہلکاروں کی مجموعی کارکردگی، بوٹس، گاڑیوں، اسلحہ اور ایمونیشن کی دستیابی و حالت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیک پوسٹوں کے انفراسٹرکچر، باؤنڈری والز، مورچوں، تھرمل امیجنگ اور بلٹ پروف کیمروں کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو دریائی چیک پوسٹوں کے ذریعے کرائم کنٹرول، اشتہاری مجرمان اور منشیات فروشوں کی گرفتاری، سمگلنگ کی روک تھام اور مؤثر پٹرولنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بارڈر ایریاز میں قائم دریائی چیک پوسٹوں کی حساسیت کے پیش نظر سکیورٹی مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام بوٹس، گاڑیاں اور کیمرے ہمہ وقت فنکشنل ہونے چاہئیں۔انہوں نے مرمت طلب عمارتوں کی تعمیر، مورچوں کو مضبوط بنانے اور بیرونی دیواریں ڈبل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ آئی جی پنجاب نے دریائی چیک پوسٹوں کے ذریعے پٹرولنگ کو مزید مؤثر، بامقصد اور نتیجہ خیز بنانے پر زور دیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے 15 روز کے اندر دریائی چیک پوسٹوں کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے اور بعد ازاں انسپکشن کروانے کا حکم دیتے ہوئے اے آئی جی آپریشنز کو روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے میانوالی، بھکر، اٹک اور مظفرگڑھ کی چیک پوسٹوں کی صورتحال میں بہتری پر متعلقہ ڈی پی اوز کو شاباش بھی دی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، سی پی او راولپنڈی، آر پی او ڈی جی خان، آر پی او بہاولپور اور متعلقہ ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی لاجسٹکس اور اے آئی جی ڈویلپمنٹ بھی اجلاس میں موجود تھے