کراچی (خصوصی رپورٹ) پاکستان رینجرز سندھ نے دہشت گردی، منظم جرائم، منشیات فروشی، اغوا برائے تاوان اور اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے کراچی اور اندرونِ سندھ میں امن و امان کے قیام کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں ہزاروں ملزمان کی گرفتاری، بڑی مقدار میں اسلحہ، منشیات اور اسمگل شدہ اشیا کی برآمدگی شامل ہے۔ترجمان پاکستان رینجرز سندھ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف مجموعی طور پر چار ہزار سے زائد آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 672 کارروائیوں میں 227 ہائی پروفائل ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ صرف سال 2025 کے دوران 126 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔بھتہ خوری کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں 72 آپریشنز کے دوران 90 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اغوا برائے تاوان میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کر کے متعدد مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔کچے کے علاقوں میں پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کے دوران 146 ڈاکوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 291 ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔