اوٹاوا (آئی این پی)کینیڈا نے بھارت کے ایک خطرناک گینگ لارنس بشنوئی گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ۔ اس گروپ پر الزام ہے کہ یہ قتل، فائرنگ اور آتشزنی کے ذریعے عوام کو ڈراتا اور ان سے بھتہ وصول کرتا ہے، اس گینگ کے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی سے تعلقات کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے مطابق کینیڈا کے وفاقی وزیر برائے پبلک سیفٹی گیری اننداسنگری نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ اس فیصلے کے بعد حکام کو کینیڈا میں موجود اس گینگ کے اثاثے ضبط کرنے اور اس کی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے مزید طاقتور قانونی سہولتیں حاصل ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بشنوئی گروپ کینیڈا میں بسنے والی کمیونٹی کے لیے غیر محفوظ ماحول پیدا کر رہا تھا، یہ گروپ خاص طور پر نمایاں سماجی شخصیات، کاروباری افراد اور ثقافتی رہنمائو ں کو نشانہ بناتا ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کینیڈا اور بھارت کے درمیان ایک عرصے سے سفارتی کشیدگی جاری ہے۔