برطانیہ اور فرانس نے گرین لینڈ پر امریکی دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ سرحدیں طاقت یا دھمکی سے تبدیل نہیں کی جا سکتیں۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے گرین لینڈ کے معاملے میں ڈنمارک کے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ڈنمارک کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرین لینڈ کے مستقبل سے متعلق فیصلے کا حق وہاں کے عوام اور ڈنمارک کے حکمرانوں کو ہے اور کسی بیرونی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اسی طرح فرانس نے بھی گرین لینڈ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ فرانس کی وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ گرین لینڈ اور وہاں کے عوام کا مستقبل ڈنمارک کے عوام کے ساتھ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وینزویلا کے معاملے میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی اور سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی مذمت کرنی چاہیے۔یہ بیانات اس بات کا عندیہ دیتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری امریکی دھمکیوں کو تسلیم نہیں کرتی اور کسی بھی علاقے پر قبضے یا سرحدی تبدیلی کے معاملے میں علاقائی خودمختاری اور عالمی قوانین کا احترام ضروری ہے۔