پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا
بھارت سات دہائیوں سے کشمیریوں کوبنیادی حق خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے: ترجمان طاہر حسین اندرابی
اسلام آباد (آن لائن) یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر حکومتِ اور پاکستانی عوامِ نے بھارتی غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جائز اور اصولی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ہر سطح پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ترجمان نے کہا کہ یومِ حقِ خودارادیت اقوامِ متحدہ کمیشن برائے بھارت و پاکستان کی 5 جنوری 1949 کی قرارداد کی یاد دہانی کراتا ہے، جس میں کشمیری عوام کے لیے آزاد، شفاف اور غیرجانبدار رائے شماری کی ضمانت دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں اور اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کی سالانہ قراردادیں بھی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی واضح توثیق کرتی ہیں۔