بھارت سے 84ہندو یاتری پاکستان پہنچ گئے

لاہور(کرائم رپورٹر)ہندو مذہب کے شادانی دربار حیات پتافی(سندھ )کی یاترا اور شو اوتاری ست گورو سوامی شادارام کے یوم پیدائش پرتقریبات کیلئے سائیں یوڈھشٹر لال کی سربراہی میں بھارت سے 84ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر، ڈپٹی سیکرٹری عمر جاوید اعوان،سکیورٹی آ فیسر عاصم چودھری نے استقبال کیا اورچیئرمین وقف املاک بورڈ عطا الرحمٰن کی طرف سے گلدستے پیش کیے۔ایڈیشنل سیکرٹری نے میڈیا کو بتایا وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام فول پروف سکیورٹی ودیگرانتظامات مکمل ہیں۔ہندو یاتری بارڈر سے براہ راست شادانی دربار روانہ ہو گئے جہاں مذہبی رسومات ادا کی جائینگی۔ وہ سندھ میں میر پور میتھلو،یوگ ماتا مندر عاقل پور ، گھوٹکی،پنو عاقل اور سکھر میں قدیم سادھو بیلہ مندر و دیگر مذہبی مقامات کا دورہ کرینگے، 14جنوری کو ننکانہ صاحب میں یاترا کے بعد 15جنوری کو واپس روانہ ہونگے۔