افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جراتمند لیڈر قرار دینا

افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جراتمند لیڈر قرار دینا

افغانستان کی طالبان حکومت کے نائب وزیر خارجہ، شیر محمد عباس ستانکزئی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جراتمند اور قوت فیصلہ رکھنے والا شخص قرار دیا ہے۔

 کابل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ستانکزئی نے کہا کہ طالبان حکومت امریکی حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے اور اگر امریکہ دوستی کی پیشکش کرے گا تو طالبان بھی اس کا جواب دوستی کے ساتھ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ہمیشہ کے لیے دشمن اور دوست ہمیشہ کے لیے دوست نہیں ہوتے، اور اس لیے اگر امریکا دوستی کی خواہش ظاہر کرے گا، تو طالبان اس کا خیرمقدم کریں گے۔ ستانکزئی نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سوویت یونین نے افغانوں کا بہت نقصان کیا، لیکن اب طالبان کے روس کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔طالبان کے نائب وزیرِ خارجہ نے مطالبہ کیا کہ امریکہ دوحہ معاہدے کا احترام کرے اور کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے منجمد اثاثے واپس کیے جانے چاہیے اور طالبان رہنماؤں پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبان نے دشمنی کے دروازے بند کر دیے ہیں اور انہیں امید ہے کہ نئی امریکی حکومت افغانستان کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔یاد رہے کہ طالبان نے 15 اگست 2021 کو امریکا اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد کابل کا اقتدار سنبھال لیا تھا، مگر تین سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود عالمی سطح پر ان کی حکومت کو کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا۔