وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے صوبہ حفر الباطن کے سابق گورنر شہزادہ منصور کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کی دعوت دی ہے۔
یہ ملاقات دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے مقصد سے ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ برادرانہ رہے ہیں اور سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ تعلقات میں ایک خاص مقام ہے، اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور مذہبی سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے سکیورٹی اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے، اور سعودی سرمایہ کاروں کے لیے سپیشل پیکج کے تحت مراعات فراہم کی جائیں گی۔شہزادہ منصور نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خطے کی استحکام اور ترقی کے لیے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں مزید بہتری آئے گی۔