اسلام آباد میں موسم سرما کی تعطیلات کے اختتام کے بعد نجی تعلیمی ادارے 6 جنوری سے دوبارہ کھل جائیں گے۔
اس حوالے سے پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (PEIRA) نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 21 دسمبر سے 5 جنوری تک تعطیلات جاری رہیں اور اب تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں گی۔پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل عبدالوحید خان نے کہا کہ دھرنوں اور مظاہروں کی وجہ سے بچوں کی تعلیم کا کافی نقصان ہو چکا ہے، اس لیے چھٹیوں میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ سرد موسم کے پیش نظر بچوں کو گرم یونیفارم، جیکٹ یا سویٹر پہنا کر اسکول بھیجیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی مہنگائی کے باعث نجی اسکولز نے فیصلہ کیا ہے کہ والدین پر اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام نجی اسکول اور کالجز مقررہ تاریخ پر دوبارہ کھل جائیں گے، اور تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز حسب معمول ہوگا۔