2024 میں 10ہزار90 ملزموں کی گرفتاری،4ارب 48 کروڑ ،64لاکھ کا مال مسروقہ بر آمد
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے سال 2024ء میں سنگین جرائم میں ملوث 4414گینگزکا قلع قمع کر کے10090 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ مختلف کارروائیوں میں گرفتارہونے والے ملزمان کے قبضہ سے4ارب48کروڑ64لاکھ روپے سے زائدکے مال مسروقہ کی ریکوری کی گئی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت سے گرفتارہونے والے ان گینگزکے قبضہ سے434کاریں، 11658موٹر سائیکلیں اور 600دیگر وہیکلز برآمد کی گئی ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ کاریں، موٹر سائیکلیں اور دیگر وہیکلزقانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کر دی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون شکن عناصر کی سرکوبی کے لئے سائنٹیفک اور جدید تقاضوں کے مطابق تفتیش عمل میں لائی جارہی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ منظم جرائم میں ملوث خطرناک گروہوں کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران امن ِعامہ کے اقدامات کی خود نگرانی کرتے ہوئے منظم جرائم کے خاتمے کے لئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس عوام کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لئے مسلسل سرگرم ہے۔