لاہور(آئی این پی )بشری بی بی کی ہمشیرہ مریم ریاض وٹو نے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر مشال یوسفزئی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں مریم ریاض وٹو نے لکھا کہ عمران خان نے واضح ہدایات دی تھیں کہ اگر مشال یوسفزئی نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو ان کی پارٹی رکنیت ختم کر دی جائے۔مریم ریاض وٹو نے اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب عمران خان کی ہدایات پر عملدرآمد کا وقت آ گیا ہے۔مریم ریاض وٹو نے سینیٹر مشال یوسفزئی کے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بیان پر بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا۔انہوں نے مشال یوسفزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اپنی بہنوں سے جو بھی بات ہوئی ہے، وہ ان کا ذاتی اور خاندانی معاملہ ہے۔مریم ریاض وٹو نے لکھا آج جب عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات پر پارٹی کارکنان اور عوام پریشان ہیں، ایسے وقت میں توجہ ہٹانے کے لئے شوشے چھوڑے جا رہے ہیں اور جان بوجھ کر ایک نیا تنازع کھڑا کیا جا رہا ہے۔