بلوچستان میں آپریشن رد الفتنہ ون کامیابی سے مکمل، 216 دہشت گرد ہلاک

   آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری شہید ہوئے، مادر وطن کے دفاع میں 22 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا شہدا کی قربانیوں کو سلام ، قوم اہلخانہ کیساتھ کھڑی ہے ‘ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی:  آئی ایس پی آر
راولپنڈی(آئی این پی )سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف رد الفتنہ ون آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا، بھارتی حمایت یافتہ 216 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  بلوچستان میں عورتوں بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کئے گئے ہیں  جس سے دہشت گرد نیٹ ورکس کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے اور عملی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا۔آئی ایس پی آر  کے مطابق  فتنہ الہندوستان کی بلوچستان میں بدامنی کی کوششیں خاک میں ملا دی گئیں، اس آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں سے غیر ملکی اسلحہ،دھماکا خیز مواد اور جدید آلات کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔   دہشتگردوں کوبیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ اس آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری شہید ہوئے اور مادر وطن کے دفاع میں 22 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا کی قربانیوں کو سلام ہے، قوم اہلِ خانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی