روس سے جنگ، یوکرین کا 45ہزار سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

 جنگ میں ساڑھے3لاکھ روسی فوجی مارے گئے،6سے 7لاکھ زخمی بھی ہوئے، صدر ولودو میر زیلینسکی 
کیف (آئی این پی )یوکرین کے صدر ولودو میر زیلینسکی نے روس کے ساتھ جنگ میں 45ہزار سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے اپنے ایک انٹرویو میں جنگ میں ہونے والی انسانی جانوں کے نقصان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فروری 2022سے شروع ہونے والی اس جنگ میں یوکرین کے 45ہزار 100فوجی میدان جنگ میں اپنی زندگی ہار چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تین سالہ جنگ میں 3لاکھ 90ہزار کے قریب فوجی زخمی ہوئے۔ زیلینسکی نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ اس وقت کتنے ہزار مرد جنگی قیدی ہیں جو کارروائی میں لاپتا ہیں۔ یوکرین کے صدر نے بتایا کہ یوکرین کے ساتھ جنگ میں تقریبا 3لاکھ 50ہزار روسی فوجی مارے گئے جبکہ 6لاکھ سے 7لاکھ کے درمیان روسی فوجی میدان جنگ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔