منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کیخلاف پاکستان سے تعاون کرینگے سعودی کابینہ

 سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ‘ فیصلے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے عمل کو  مضبوط بنانا  ہے 
 ریاض / اسلام آباد(آئی این پی )سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف تحقیقات کے تبادلے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے عمل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ میڈیارپورٹس کے  مطابق سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سعودی عرب کا ڈائریکٹریٹ آف فنانشل انویسٹی گیشن(ڈی ایف آئی ) پاکستان کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو )کے ساتھ مل کر منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور دیگر مالی جرائم کی تحقیقات میں تعاون کرے گا۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے ایک مفاہمتی یادداشت ( پر دستخط کریں گے، جس کے تحت معلومات کے تبادلے، مشکوک مالی سرگرمیوں کی نگرانی اور دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔