وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ، ہلاکتوں پر اظہار تعزیت

 امدادی کارروائیوں میں جو بھی معاونت درکار ہوگی پاکستان فراہم کرے گا:شہبازشریف 
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حالیہ قدرتی آفت سے ہونے والی تباہی پر اظہار یکجہتی کیا۔شہباز شریف نے گفتگو کے دوران ملائیشیا میں جاں بحق افراد کیلئے تعزیت اور دیگر زخمیوں اور بے گھر ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیہ جذبات کا اظہار کیا اور مشکل گھڑی میں ملائیشین عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ملائیشیا میں جاری امدادی اور ریسکیو کی کارروائیوں میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش بھی کی۔مزید براں وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشین حکومت کو امدادی کارروائیوں میں جس قسم کی بھی معاونت درکار ہوگی پاکستان فراہم کرے گا۔