بھارت کی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے پر تنازعہ بڑھنے کے دوران، براڈکاسٹر اسٹار انڈیا کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں بھارتی ٹیم کی غیر موجودگی کے مالی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ خط چند ماہ قبل لکھا گیا تھا جس میں براڈکاسٹر نے آئی سی سی کو آگاہ کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی کرکٹ فینز میں مقبولیت بہت زیادہ ہے اور وہ آئی سی سی کو سب سے زیادہ ریونیو فراہم کرتی ہے۔ براڈکاسٹر نے آئی سی سی کو خبردار کیا کہ اگر بھارت چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہوتا ہے تو اس سے آئی سی سی کو 750 ملین امریکی ڈالرز کی مجموعی قیمت والے میڈیا رائٹس میں سے 90 فیصد کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان ایونٹ میں حصہ نہ لے تو ٹورنامنٹ کو صرف 10 فیصد مالی نقصان ہوگا۔ اس صورتحال سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی ٹیم کی غیر موجودگی کا اثر آئی سی سی کے مالی مفادات پر سنگین ہو سکتا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے لیے ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا تھا، جس کے تحت دونوں ٹیمیں 2027 تک دبئی میں اپنے میچز کھیلیں گی۔ یہ تجویز آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کی کرسی سنبھالنے کے بعد سامنے آئی تھی، جس پر پی سی بی نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔اس تنازعے کے حل کے لیے دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان مذاکرات جاری تھے اور بالاخر ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت دونوں ٹیموں کے میچز دبئی میں ہوں گے۔آئی سی سی بورڈ میٹنگ 7 دسمبر کو ہونے والی ہے جس میں چیمپیئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ متوقع ہے۔ اس میٹنگ میں بھارت اور پاکستان کے مابین ٹورنامنٹ میں شرکت سے متعلق مزید فیصلے کیے جائیں گے۔