زمبابوے نے تیسرے ٹی20 میں پاکستان کو شکست دیدی

پاکستان نے 132رنز بنائے‘زمبابوے کی ٹیم نے  ہدف8وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا

بلاوائیو(مانیٹرنگ ڈیسک)زمبابوے نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم سیریز 1-2 سے جیتنے میں کامیاب رہی۔ بلاوائیو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ مشکل وکٹ اور زمبابوے کی عمدہ بولنگ کے سامنے قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بناسکی۔سلمان آغا 32، طیب طاہر 21، قاسم اکرم 20 رنز اور عباس آفریدی 15 رنز بناکر نمایاں رہے۔عثمان خان نے 5 اور صاحبزادہ فرحان نے 4 رنز بنائے۔ عمیر یوسف صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ عرفات منہاس 22 اور جہانداد خان 6 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔زمبابوے نے 134 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ آخری لمحات میں میچ قومی ٹیم کے ہاتھوں سے نکل گیا۔ ٹیل اینڈرز نے آخری اوور میں 12 رنز بناڈالے۔قومی ٹیم کی جانب سے عباس آفریدی نے 3، جہانداد خان نے 2، سلمان علی آغا اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ لی۔