ٹی 20 ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ‘زمبابوے نے آسٹریلیا کو شکست دیدی

 زمبابوے نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 170 رنز کا  ہدف دیا تھا‘پوری ٹیم146رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی
یو اے ای نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کینیڈا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی‘آخری اوور میں ہدف حاصل کیا
کولمبو‘نئی دہلی (آن لائن) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 19 ویں میچ میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا۔کولمبو میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس میچ میں زمبابوے نے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے دی۔میچ میں آسٹریلیا نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد زمبابوے نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 170 رنز کا  ہدف دیا تھا۔زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 169 رنز بنائے تھے۔بعد ازاں ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے 20ویں میچ میں یو اے ای نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کینیڈا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں یو اے ای نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کینیڈا کے خلاف آخری اوور میں فتح حاصل کی۔کینیڈا کی جانب سے دیا گیا 151 رنز کا ہدف یو اے ای نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کیا۔