پاکستان کرکٹ ٹیم نے کوئنز پارک اوول میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
اس کامیابی کے بعد پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کی پوائنٹس ٹیبل پر بھی بہتری حاصل کر لی ہے۔ قومی ٹیم آخری پوزیشن سے ترقی کرتے ہوئے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہے، جبکہ اس کا کامیابی کا تناسب 22.22 فیصد ہو گیا ہے۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد 20.83 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر چلی گئی ہے۔پاکستان نے ٹیسٹ سیریز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا تھا اور پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے نہ صرف فتح حاصل کی بلکہ سیریز برابر کرنے میں بھی کامیاب رہی۔یہ پاکستان کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 میں دوسری کامیابی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی کامیابی موجودہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقا کے خلاف حاصل کی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت آسٹریلیا 87.50 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے، جبکہ جنوبی افریقا 75 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔اس کے علاوہ نیوزی لینڈ، بنگلادیش، بھارت، سری لنکا اور انگلینڈ بالترتیب تیسری سے ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔پاکستان کی حالیہ کامیابی کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اگلے مرحلے میں واپسی کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جہاں قومی ٹیم کو مزید مضبوط کارکردگی دکھانا ہوگی تاکہ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنا سکے۔