بنگلادیش: شکیب الحسن کے آبائی گھر پر حملہ، مشتعل افراد نے آگ لگا دی

بنگلادیش: شکیب الحسن کے آبائی گھر پر حملہ، مشتعل افراد نے آگ لگا دی

بنگلادیش کے سابق کپتان شکیب الحسن کے آبائی گھر پر مشتعل افراد نے حملہ کر کے آگ لگا دی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور پیٹرول بم پھینکے، جس کے نتیجے میں مکان کی بالائی منزل پر آگ بھڑک اٹھی۔پولیس کے مطابق واقعہ ضلع ماگورا میں پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت گھر خالی تھا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے 2024 میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد پہلی بار ایک عوامی میڈیا پروگرام سے خطاب کیا، جس میں شکیب الحسن بھی ورچوئل طور پر شریک ہوئے تھے۔

اپنے خطاب میں شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ دسمبر میں بنگلادیش واپس آئیں گی، چاہے انہیں جیل جانا پڑے یا جان کا خطرہ ہی کیوں نہ ہو۔واضح رہے کہ شکیب الحسن 2024 میں عوامی لیگ کے ٹکٹ پر رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، تاہم حکومت کی تبدیلی کے بعد سے وہ ملک سے باہر ہیں۔ ان کے خلاف قتل، بدعنوانی، فراڈ اور منی لانڈرنگ سمیت متعدد مقدمات زیرِ تفتیش ہیں۔