خواتین نے طلائی زیورات، 5 ہزار نقدی چوری کی تھی:ایف آئی آر میں الزام
لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ ٹاؤن شپ میں چوری اور فراڈ کے الزام میں گرفتار 2 خواتین دم توڑ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں خواتین کی موت منشیات کے زیادہ استعمال کے باعث ہوئی، دونوں خواتین پرکئی مقدمات درج تھے اور دونوں منشیات بھی استعمال کرتی تھیں۔ ایمرجنسی15کی کال پر آپریشنز وِنگ نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو حراست میں لیا تھا۔ مدعیوں نے خواتین پر چوری اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا، خواتین کی طبیعت خراب ہونے پر ریسکیو 1122 کو کال کر کے تھانے بلا کر خواتین کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ شکایت کنندہ شہری نے ایف آئی آر میں الزام لگایا کہ خواتین اس کے گھر میں داخل ہوئیں اور اس کی بیوی سے پانی مانگا، جب اس کی بیوی پانی لینے گئی تو ملزمان نے گھر سے اس کے طلائی زیورات اور 5000 روپے نقدی چوری کر لی۔ انہوں نے کہا کہ جب خواتین کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو مقامی لوگوں نے وہاں جمع ہو کر ان کی پٹائی کی اور پھر انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔ انویسٹی گیشن پولیس کے ترجمان نے کہا کہ خواتین آپریشنز ونگ پولیس کی تحویل میں انتقال کر گئیں، آپریشنز ونگ کے اہلکاروں کی جانب سے ریسکیو 1122 کو ہسپتال منتقل کرنے کے لئے کال کی گئی۔