حادثے کے بعد عابد ہ سڑک پر گر گئی ،پیچھے سے آنیوالے ٹرالی نے کچل دیا
میلسی (خصوصی رپورٹ)کھائی پیر گڑھا موڑ مترو روڈ کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں خاتون موقع پر جاں بحق جبکہ ایک بچی شدید زخمی ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں ایک موٹر سائیکل پر سوار خاتون سڑک پر گر گئی، اسی دوران پیچھے سے آنے والی ٹرالی خاتون کے اوپر سے گزر گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور موٹر بائیک ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی تھی جبکہ زخمی بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت عابدہ مائی زوجہ آصف علی عمر تقریباً 26 سال سکنہ موضع سنڈھل میلسی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی بچی کی شناخت 4 سالہ عدن دختر آصف علی کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی جبکہ پولیس نے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔