پولیس افسروں کے پٹرول کوٹہ میں کمی

ایڈیشنل آئی جیز کی گاڑیوں کا پٹرول 500 سے 150 لٹر کر دیا گیا ،تھانوں کی گاڑیوں کے پٹرول میں کوئی کمی نہیں ہوئی 
لاہور(کرائم رپورٹر)پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر پنجاب پولیس میں بھی اخراجات کم کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جس کے تحت افسران کی گاڑیوں کے پٹرول کوٹہ میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق آئی جی آفس میں تعینات ایڈیشنل آئی جیز کی گاڑیوں کا پٹرول 500 سے کم کر کے 150 لٹر کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی رینک کے افسران کا کوٹہ 400 سے کم کر کے 150 لٹر کر دیا گیا اسی طرح اے آئی جی رینک کے افسران کا پٹرول بھی 300 لٹر سے کم کر کے 150 لٹر کر دیا گیا ہے۔پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز کو سکواڈ کی گاڑیوں کی تعداد کم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہیلاہور پولیس میں بھی افسران کے پٹرول میں کٹوتی کی گئی ہے، جہاں ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کا پٹرول 800 سے کم کر کے 600 لٹر، ڈویڑنل ایس پیز کا 600 سے 450 لٹر اور ڈی ایس پیز کا 400 سے کم کر کے 300 لٹر کر دیا گیا ہے۔مزید برآں افسران کے ساتھ سکواڈ کی گاڑیوں کا پٹرول بھی 300 سے کم کر کے 150 لٹر کر دیا گیا ہے، تاہم تھانوں کی گاڑیوں کے پٹرول میں کوئی کمی نہیں کی گئی تاکہ فیلڈ آپریشنز متاثر نہ ہوں۔