آئندہ15 روز میں بڑا سرمایہ پاکستان واپس آنے والا ہے، قیصر شیخ

 جنگ ختم ہوتے ہی عالمی حالات اور معیشت تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہوں گے 
 سخت معاشی حالات کے باعث ترقیاتی پروگرام کے فنڈز میں سے 100 ارب مجبورا کم کرنا پڑے
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے دعوی کیا ہے کہ آئندہ15 دنوں میں بہت بڑا سرمایہ پاکستان واپس آنے والا ہے،جس سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا ۔ ایک انٹرویو میں قیصر احمد شیخ نے کہا کہ دنیا اس وقت شدید بحران کی زد میں ہے اور جاری جنگ اب اپنے چھٹے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جنگ مزید دو ہفتوں سے زیادہ نہیں چلے گی، جنگ ختم ہوتے ہی عالمی حالات اور معیشت تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہوں گے۔قیصر احمد شیخ نے انکشاف کیا کہ حکومت کو سخت معاشی حالات کے باعث ترقیاتی پروگرام کے فنڈز میں سے 100 ارب روپے مجبورا کم کرنا پڑے، یہ کٹوتی مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ روز موٹر سائیکل سواروں کو مہنگے پیٹرول کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے خصوصی رعایت دی ہے، اس اقدام کا مقصد عام آدمی پر بوجھ کم کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ اگلے 15 دن کے اندر بہت بڑا سرمایہ پاکستان واپس آنے والا ہے، جس سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔