ثنا نے مشترکہ وینیٹی روم سے باہر نکال دیا تھا،رویہ بھی ہمارے ساتھ اچھا نہیں تھا
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ و ماڈل ماہ نور شیخ نے اداکارہ ثنا جاوید کے رویے سے متعلق اپنا تجربہ بیان کر دیا۔ ایک ٹی وی شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ثنا جاوید کے حوالے سے اپنی سابقہ انسٹاگرام پوسٹ کے بارے میں گفتگو کی۔ماہ نور شیخ نے کہا کہ مجھے ایک ٹی وی کمرشل میں ثنا جاوید کے ساتھ کام کرنے کے دوران برا تجربہ ہوا، میں کمرشل میں ثنا جاوید کے ساتھ دوستوں کا کردار ادا کر رہی تھی جبکہ دو دیگر لڑکیاں بھی میرے ساتھ موجود تھیں۔ماہ نور شیخ نے بتایا کہ مجھے ثنا جاوید کے ساتھ ایک مشترکہ وینیٹی روم دیا گیا تھا، جس کے درمیان صرف ایک پارٹیشن تھا، ثنا جاوید نے کمرے میں داخل ہوتے ہی مجھے دیکھا اور پیچھے ہٹتے ہوئے کہا کہ یہ میرے ساتھ نہیں بیٹھ سکتیں، انہیں باہر نکالو، میں اکیلی بیٹھوں گی۔اداکارہ کے مطابق اس کے بعد ٹیم نے مجھے اور دیگر لڑکیوں کو دوسرے کمرے میں منتقل کر دیا، جہاں ایئر کنڈیشنر بھی موجود نہیں تھا۔ماہ نور شیخ نے کہا کہ جب بھی ثنا جاوید وہاں آتیں، وہ ہمارے ساتھ اسی طرح پیش آتیں، اس وقت کورونا کی وبا بھی جاری تھی، جس کا سامنا صرف ثنا جاوید کو نہیں بلکہ ہم سب کو بھی تھا۔ماہ نور شیخ نے کہا کہ مجھے ثنا جاوید کا رویہ نامناسب محسوس ہوا اور میرے خیال میں اس واقعے کے بارے میں بات کر کے میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔