سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شور شرابہ، ’’سندھو دیش نامنظور‘‘ کے نعرے

اپوزیشن ارکان نے سپیکر کے روکنے کے باوجود شور شرابے کا سلسلہ جاری رکھا، سندھو دیش کیخلاف قرارداد جمع
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اسمبلی میں جمعہ کو اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں سخت شور شرابہ کیا گیا، ہنگامہ آرائی کے دوران "سندھو دیش نا منظور" کے نعرے لگائے لگائے، ایوان کی مختصر کارروائی کے بعد اسپیکر نے اجلاس پیر کی دوپہر تک ملتوی کردیا۔سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو اسپیکر سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت ڈھائی بجے کے مقررہ وقت کے بجائے خاصی تاخیر سے شروع ہوا۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز ہی میں ایم کیو ایم کے ارکان نے "سندھو دیش نا منظور" کے نعرے لگانے شروع کردیئے۔سپیکر نے کہا جو کچھ ہونا تھا وہ کل ہو گیا، آج آپ کیا کریں گے۔ایوان میں نظم و ضبط رکھا جائے۔ اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کی اس ہدایت پر کوئی دھیان نہیں دیا اور ایوان میں شور شرابے کا سلسلہ جاری رکھا، نعرے بازی اور شور کے دوران کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔