عید میلاد النبیؐ کل، توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز، ملک بھر میں جلوس نکالے جائینگے

لاہور،اسلام آباد (کرائم رپورٹر )پاکستان بشمول آزاد کشمیر میں کل ہفتے کو عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و خروش اور عقیدت سے منائی جائے گی۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ سیرت النبیؐ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور نعت کی محفلیں منعقد ہوں گی۔ پورے ملک میں جلوس نکالے جائیں گے، لنگر تقسیم ہوگا، اور کیک کاٹے جائیں گے۔ سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں و بازاروں کو بھی سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ جلوسوں اور ریلیوں کے شرکا درود پاک کا ورد کریں گے۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ محافل نعت و میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔