لاہور ہائیکورٹ بار لائبریری میں سانپ کی اطلاع، وکلاء میں خوف و ہراس

لاہور ہائیکورٹ بار لائبریری میں سانپ کی اطلاع، وکلاء میں خوف و ہراس

لاہور ہائیکورٹ بار کی لائبریری میں اچانک سانپ دیکھے جانے کی اطلاع پر وکلاء اور عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 واقعے کے فوری بعد لائبریری کو خالی کرا لیا گیا اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو طلب کر لیا گیا۔ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور کئی گھنٹوں تک لائبریری میں سرچ آپریشن جاری رکھا۔ تمام شیلفوں، کونوں اور الماریوں کو باریک بینی سے چیک کیا گیا تاہم سانپ برآمد نہ ہوسکا۔ بعد ازاں ریسکیو ٹیم نے لائبریری کو کلیئر قرار دے دیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران لائبریری کی شیلفوں سے متعدد چوہے بھاگ نکلے جس پر وکلاء نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ سانپ کی اطلاع اور چوہوں کی موجودگی دونوں ہی لائبریری میں صفائی اور انتظامات کی ابتر صورتحال کو ظاہر کرتے ہیں۔بار کے ممبران نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ لائبریری میں صفائی ستھرائی اور حفاظتی اقدامات کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔