سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستانی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستانی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

راولپنڈی: سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ایشین گیمز میں بھیجے گئے پاکستانی اسکواڈ میں کئی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھی کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی متوقع ہے۔ بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ اور فخر زمان کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔دوسری جانب ایشین گیمز کے اسکواڈ میں شامل احمد دانیال، سعد مسعود، حیدر علی اور محمد وسیم جونیئر کو ممکنہ طور پر سری لنکا سیریز کے اسکواڈ سے ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کے اراکین کے اسلام آباد میں رپورٹ کرنے کا امکان ہے۔ادھر سری لنکن ٹیم گزشتہ رات اسلام آباد پہنچ چکی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق حتمی اسکواڈ کا اعلان متعلقہ حکام کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا، جس کے بعد کھلاڑیوں کی شمولیت اور ممکنہ تبدیلیوں کی صورتحال واضح ہوجائے گی۔