کراچی: میر رضا کی موت کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے تفتیشی افسر کا بیان ریکارڈ کرنے سے قبل جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
جوڈیشل کمیشن نے فوکل پرسن سندھ حکومت کو جائے وقوعہ کے دورے کے حوالے سے ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ کمیشن نے تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری اور میر رضا کے اہلخانہ کو بھی جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔کمیشن کے مطابق جائے وقوعہ کا خود جائزہ لینا تحقیقات اور حتمی رپورٹ میں سفارشات مرتب کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔ کمیشن اس دورے کے دوران واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔جوڈیشل کمیشن کے مطابق تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری اور سی پی ایل سی کے نمائندے کاشف کا بیان 7 اکتوبر کو ریکارڈ کیا جائے گا۔دوسری جانب کمیشن نے کیس میں مشکوک گاڑیوں کے حوالے سے تحقیقاتی صحافیوں سے 6 اکتوبر کو بریفنگ طلب کرلی ہے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ مشکوک گاڑیوں سے متعلق تحقیقاتی صحافیوں نے اہم اور قابلِ ذکر کام کیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے اس پہلو پر بہت کم کام کیا گیا ہے۔کمیشن مشکوک گاڑیوں سے متعلق دستیاب معلومات اور تحقیقاتی صحافت کے نتیجے میں سامنے آنے والے شواہد کا بھی جائزہ لے گا تاکہ میر رضا کی موت کے واقعے کی تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جاسکے۔جوڈیشل کمیشن کی جانب سے جائے وقوعہ کا دورہ، متعلقہ افسران کے بیانات اور مشکوک گاڑیوں سے متعلق بریفنگ کو تحقیقات کے اہم مراحل قرار دیا جارہا ہے، جن کی روشنی میں کمیشن اپنی رپورٹ اور سفارشات مرتب کرے گا۔