دنیا کا سب سے عمر رسیدہ زندہ زمینی جانور ایک کچھوا ہے جو کم از کم 194 سال کی عمر میں بھی زندہ ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جوناتھن نامی سی شیلز جائنٹ کچھوا تقریباً 1832 میں پیدا ہوا تھا اور اس وقت بحرِ اوقیانوس کے جزیرے سینٹ ہیلینا میں رہتا ہے۔ 2026 میں اس کی عمر کم از کم 194 سال بنتی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق ممکن ہے کہ جوناتھن کی اصل عمر اس سے بھی زیادہ ہو۔جوناتھن کو 1882 میں سینٹ ہیلینا لایا گیا تھا اور اس وقت وہ مکمل طور پر بالغ تھا۔ اس کی پرانی تصاویر بھی محفوظ ہیں، جن میں اسے 1880 کی دہائی میں دیکھا جاسکتا ہے۔ یوں جوناتھن ایک صدی سے زائد عرصے سے اسی جزیرے پر موجود ہے۔اپنی غیر معمولی طویل زندگی کے دوران جوناتھن نے جدید تاریخ کے کئی اہم واقعات دیکھے۔ اس نے دنیا میں بجلی کے عام ہونے، پہلی اور دوسری جنگِ عظیم، چاند پر انسان کے پہنچنے اور انٹرنیٹ کے آغاز جیسے بڑے تاریخی ادوار کا مشاہدہ کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جوناتھن نہ صرف دنیا کا سب سے عمر رسیدہ زندہ زمینی جانور ہے بلکہ اب تک ریکارڈ کیا جانے والا سب سے زیادہ عمر کا کچھوا بھی ہے۔حیرت انگیز طور پر اتنی طویل عمر کے باوجود جوناتھن کی مجموعی صحت اچھی بتائی جاتی ہے۔ اس کی خوراک میں بنیادی طور پر گھاس شامل ہے جبکہ کبھی کبھار اسے پھل اور سبزیاں بھی دی جاتی ہیں۔جوناتھن کی غیر معمولی عمر اور حیاتیاتی خصوصیات ماہرین کے لیے بھی دلچسپی کا باعث ہیں اور اس کی طویل عمر سے متعلق تحقیق کا سلسلہ جاری ہے۔