قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے:سپیکر

 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، کارروائیاں جاری رہیں گی، سردار ایاز صادق
اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ یہ کامیابی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل وابستگی کا مظہر ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے اس ناسور کے خاتمے تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں۔