فیصل آباد(سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان نے جنوبی افریقا کا 264 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔فیصل آباد میں 17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقیں بحال ہوئی ہیں۔جنوبی افریقا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 263 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔پاکستان کے خلاف جنوبی افریقا کا آغاز اچھا رہا اور اوپنرز کے درمیان 98 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔جنوبی افریقا کو پہلا نقصان پریٹوریس کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ کوئنٹن ڈی کوک کی گری، وہ 63 رنز بناکر پویلین لوٹے۔اس کے بعد ٹونی ڈی زورزی 18، کپتان بریٹزکے 42، اور کاربن بوش 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پوری جنوبی افریقی ٹیم 49.1 اوور میں 263 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ لی۔