درختوں کی کٹائی پر زیرو ٹالرنس‘ مافیا کیخلاف سخت کارروائی ہوگی:سہیل آفریدی

 درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف  فوجداری مقدمات درج  کئے جائیں:وزیراعلی
 خیبر پختونخوا حکومت کا جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے سخت قانونی اصلاحات لانے کا بھی فیصلہ
پشاور ( آن لائن ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت محکمہ ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات و جنگلی حیات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی، ٹمبر مافیا کی سرگرمیوں، اور جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کے خلاف مؤثر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے درختوں کی کٹائی کے معاملے پر  زیرو ٹالرنس پالیسی  اختیار کرنے کا اعلان کیا اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی** کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا جنگلات قوم کی امانت ہیں، ان کی لوٹ مار کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔" وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی  درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف  فوجداری مقدمات درج  کیے جائیں اور کسی بھی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ اسی طرح غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کی تجارت میں ملوث افراد کے خلاف بھی فوری گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی  کا حکم دیا گیا۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کو  بین الاقوامی معیار  کے مطابق یقینی بنائے گی۔