فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفینس فورسز کی قیادت میں افواج پاکستان ملک کی حفاظت کیلئے ہر دم تیار ہیں،پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے
پوری قوم ارض وطن کی حفاظت کیلئے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے:وزیراعظم کی جی ایچ کیو کے دورہ کے موقع پر گفتگو‘عسکری قیادت نے پاک افغان جنگ کی صورتحال پر بریفنگ دی‘شہبازشریف کی پاک فوج کی تعریف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفینس فورسز کی قیادت میں افواج پاکستان ملک کی حفاظت کیلئے ہر دم تیار ہیں،پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ،اس دوران عسکری قیادت نے وزیرِ اعظم کو پاکستان افغانستان کی صورتحال پرمفصل بریفنگ دی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے گٹھ جوڑ اور شر پسند کاروائیوں کیلئے زیرو ٹالرنس اپنائی جائے۔ افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی پاکستان کے خلاف کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے کہا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفینس فورسز کی قیادت میں افواج پاکستان ملک کی حفاظت کیلئے ہر دم تیار ہیں۔پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے۔وزیرِ اعظم نے افغان طالبان رجیم کے سرحدی علاقوں میں حملوں کو پسپا کرنے پر اور بھرپور جوابی کارروائی کرنے پر افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم ارض وطن کی حفاظت کیلئے اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔