لبنانی سرحد کے قریب نیتن یاہو کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام(اسرائیلی وزیراعظم نے دورہ منسوخ کردیا)

  جنوبی لبنان میں اسرائیلی  فضائی حملوں میں دو میڈیکل ورکرز سمیت متعدد شہری شہید،  غزہ میں 35 فلسطینی شہید کردیئے
ا تل ابیب،بیروت ،غزہ  (آئی این پی )حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو لبنانی سرحد کے قریب نشانہ بنانے کی ایک اور کوشش کی گئی۔لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی قصبے میٹولا میں اسرائیلی وزیراعظم کی آمد سے قبل ڈرون حملے کے بعد نیتن یاہو کو سرحد پر فوجیوں سے ملاقات کیلئے طے شدہ دورہ منسوخ کرنا پڑ گیا۔اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی قصبے میٹولا کے دورے کیلئے روانہ ہو چکے تھے تاہم ان کے مقررہ مقام تک پہنچنے سے قبل میٹولا میں ایک ڈرون پھٹ گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کے دورے کیلئے مقررہ وقت سے 20 منٹ قبل ڈرون دھماکے سے پھٹا، دھماکے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے اسرائیلی قصبے میٹولا کا دورہ منسوخ کردیا۔  دوسری جانب  جنوبی لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں دو میڈیکل ورکرز سمیت متعدد شہری شہید ہو گئے جبکہ  غزہ میں اسرائیلی افواج نے 24 گھنٹوں میں مزید 35 سے زائد فلسطینیوں کو قتل کردیا۔غزہ کی کمال عدوان اسپتال کے چلڈرن وارڈ پر اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری میں بھی کئی افراد زخمی ہوگئے۔اقوام کے ادارے یونیسیف کے مطابق دو روز میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ میں 50 سے زیادہ بچے شہید کردیے گئے