پاکستانی فضائی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو 200کروڑ کا نقصان

9روز میں ایک ہزار سے زائد بھارتی پروازیں متاثر،کہیں فضائی آپریشن معطل
بھارتی مسافروں کو پروازوں کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے تک بڑھنے سے الگ پریشانی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی طیاروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، بھارتی ایئرلائنز کو 200 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوچکا۔ بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کا آج دسواں روز ہے، گزشتہ 9 روز کے دوران ایک ہزار سے زائد بھارتی پروازیں اس بندش کے باعث متاثر ہوئی ہیں، بھارتی ایئرلائنز کو 9 روز کے دوران 200 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا ہے۔ایئرانڈیا، آکاساایئر، سپائس جیٹ، انڈیگوایئر،ایئرانڈیا ایکسپریس کی پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، لمبے روٹ سے فیول، دیگر دگنے اخراجات نے بھارتی ایئرلائنز کی کمر توڑدی۔بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہوکر بحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے، انڈیگوایئر کا وسط ایشیائی ملکوں کیلیے تاحال فضائی آپریشن معطل ہے۔دہلی، ممبئی، امرتسر، بنگلورو اور احمدآباد سے دبئی جانے والی بھارتی پروازیں پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے شدید متاثر ہوئی ہیں، امریکا جانے والی بھارتی پروازوں کے عملے کو یورپ میں تبدیل کرنا پڑتا ہے۔دو بار لینڈنگ اور ری فیولنگ سے بھارتی ایئرلائنز کے یومیہ کروڑوں کے اخراجات ہورہے ہیں، بھارتی مسافروں کو پروازوں کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے تک بڑھنے سے پریشانی لاحق ہے۔ مسافروں کو پروازیں منسوخ ہونے پر ایئرلائنز سے ریفنڈز بھی نہ مل سکے۔