ایران نے اپنے نئے سالڈ فیول بیلسٹک میزائل ’’قاسم بصیر‘‘ کا اعلان کیا ہے، جس کی رینج 1,200 کلومیٹر (745 میل) ہے۔
یہ میزائل ایران کی تازہ ترین دفاعی کامیابیوں میں شامل ہے اور اس کا مقصد دشمنوں کے مفادات اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنانا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی ویڈیو میں وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ نے اس میزائل کا تعارف کرایا۔وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا، "اگر ہم پر حملہ کیا گیا یا جنگ مسلط کی گئی تو ہم بھرپور جواب دیں گے اور دشمن کے مفادات اور فوجی اڈے نشانہ بنائیں گے۔" انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ایران کا اپنے ہمسایہ ممالک سے کوئی جھگڑا نہیں ہے، تاہم امریکی فوجی اڈے ایران کے ہدف پر ہیں۔
یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور ایران اور امریکہ کے درمیان عمان میں جوہری پروگرام پر مذاکرات تین ہفتوں سے جاری ہیں۔ ایران کی جانب سے یہ میزائل کا تعارف عالمی سطح پر اس وقت اہمیت اختیار کر گیا ہے، جب امریکہ اور ایران کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور ایران کی دفاعی طاقت میں اضافے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ایران کا یہ نیا میزائل نظام اس کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے گا اور ایران کے دفاعی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔