ہماری افواج کا ریکارڈ ہے جو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے اسے گرانا جانتے ہیں، کامران ٹیسوری کاتقریب سے خطاب
کراچی(آئی این پی )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پیار کرو گے تو پیار کریں گے اور اگر آنکھیں دکھا گے تو آنکھیں نکال لیں گے۔گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان آج معاشی و معاشرتی بحران سے گزر رہا ہے جبکہ اپنی معاشی اڑان اڑنے کی کوشش کر رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان معاشی اڑان بھرتا ہے تو بھارت سازشیں شروع کر دیتا ہے، بلوچستان میں دہشتگردی اور جعفر ایکسپریس پر حملے میں بھارت ملوث ہے، وہ سازشوں میں ناکام ہوا تو اس نے پاکستان کے حصے کا پانی بند کر دیا، بھارت کی گھنائونی سازش کے خلاف احتجاج اور پاک فوج کا ساتھ دینا ہے، بھارت کی مہم جوئی پر عوام پاک فوج کے ساتھ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کا ریکارڈ ہے جو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے اسے گرانا جانتے ہیں، دشمن کو معافی مانگنے پر چائے پلانا بھی جانتے ہیں۔