کیا امریکا ایران میں زمینی جنگ شروع کرے گا؟ وائٹ ہاؤس کا اعلان سامنے آگیا

کیا امریکا ایران میں زمینی جنگ شروع کرے گا؟ وائٹ ہاؤس کا اعلان سامنے آگیا

واشنگٹن سے موصولہ خبروں کے مطابق وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ امریکہ فی الحال ایران میں اپنی زمینی افواج بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ ابھی ایران میں زمینی فوج کی تعیناتی کی منصوبہ بندی نہیں کر رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران گزشتہ 47 برس سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے، اور امریکی عوام اس صورتحال سے آگاہ ہیں۔ترجمان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے مشیروں سے ایران کے معاملے پر آئندہ اقدامات کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں۔ صدر کو یقین ہے کہ ایران کے حوالے سے ان کے فیصلوں کے لیے امریکی عوام کی حمایت موجود ہے۔

مزید برآں، کیرولین لیوٹ نے کہا کہ امریکہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے منصوبے پر کام کر رہا ہے، تاکہ اس اہم سمندری گزرگاہ سے گزرنے والے آئل ٹینکرز کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور عالمی توانائی کی ترسیل پر اثرات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔