کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدر آباد کنگز اور کراچی کنگزنے لاہور قلندرزکوہرادیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدر آباد کنگزمین کو 40 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجایا۔گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی نوجوان شامل حسین نے 54 رنز کی اننگز کھیلی، یہ ان کی پی ایس ایل میں مسلسل دوسری نصف سنچری ہے۔ حسن نواز نے 53 رنز بنائے اور ٹام کرن 31 رنز کی اننگز کھیلی کر آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔ کنگزمین کی جانب سے میریڈتھ نے تین جبکہ مہیش تھیکشنا اور عاکف جاوید نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں کنگزمین کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناسکی۔ عرفان خان نیازی 33، حسان خان 31 اور کپتان مارنس لبوشین 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر ٹھہرے، احمد دانیال نے دو جبکہ الزاری جوزف، عثمان طارق اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ لی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شامل حسین کو زبردست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے 129 رنز کا تعاقب 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں کیا۔کراچی کنگز کی جانبس ے محمد وسیم 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سعد بیگ 19، معین علی 18، خوشدل شاہ 13، کپتان ڈیوڈ وارنر 8 اور سلمان آغا 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔اعظم خان اور عباس آفریدی بالترتیب 14 اور 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مستفیض الرحمان اور حارث رؤف نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سیقبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز اسکور کیے۔قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ حسیب اللہ خان 28، سکندر رضا 19، محمد نعیم 13، پرویز حسین ایمان 12، کپتان شاہین شاہ آفریدی 7، حارث رؤف 4، فخر زمان 1 اور اسامہ میر 1 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے ایڈم زمپا، میر حمزہ اور معین علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسین علی، سلمان آغا اور عباس آفریدی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔