فیصل ٹاؤن : شہری کو کارڈ بلاک ہونے کا بہانہ بنا کر لوٹ لیا

سیف سٹیز اتھارٹی  نے اے ٹی ایم پر شہریوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار کر لیا 
لاہور(کرائم رپورٹر)سیف سٹیز اتھارٹی کی بروقت کارروائی سے اے ٹی ایم پر شہریوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان  کے مطابق واقعہ فیصل ٹاؤن کے ایک نجی بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں پیش آیا جہاں ملزمان نے شہری کو کارڈ بلاک ہونے کا بہانہ بنا کر لوٹ لیا۔ ملزمان نے پہلے ٹرانزیکشن فیل ہونے کا ڈرامہ رچایا، شہری کا پاس ورڈ دیکھ کر اس کا اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ بعد ازاں ملزمان نے متاثرہ شہری کے اکاؤنٹ سے رقم بھی نکلوا لی۔متاثرہ شہری نے فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے واقعے کی اطلاع دی جس پر سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریس کیا گیا۔سیف سٹی اور پولیس کی مشترکہ اور بروقت کارروائی کے نتیجے میں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، نقدی اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کر لی گئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار افراد نوسربازی اور فراڈ کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ترجمان سیف سٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ایمرجنسی نمبر 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔