امریکہ نے ایران کی آبدوزسمیت 17 بحری جہاز ڈبو دیئے‘جوہری تنصیب پر حملے خامنہ ای کے ہر جانشین کو نشانہ بنائیں گے:اسرائیلی وزیردفاع

 خلیج عرب، ہرمز اور خلیج عمان میں  اب کوئی ایرانی بحری جہاز نہیں‘ ایران میں 2 ہزار اہداف پر حملے کئے ہیں:امریکی سینٹرل کمانڈ‘ تہران میں ایرانی طیارے کو مار گرایا:اسرائیل فوج
ایران پر مزید حملوں کی نئی لہر جلد شروع کریں گے،  ایک ہفتے میں مکمل قابو پا لیں گے، درست نشانہ لگانے والے کشش ثقل والے بم استعمال کئے جائیں گے:امریکی وزیردفاع
سری لنکا میں گالے بندرگاہ کے قریب ایرانی بحریہ کا جنگی جہاز ڈوبنے سے140افراد لاپتہ‘ خطے میں صرف عسکری تنصیبات اور امریکی مفادات کو نشانہ بنا یا جا رہا ہے:ایرانی وزارت خارجہ
تہران‘ تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی)امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد تہران کے جوابی حملوں کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی شدت اختیار کر گئی، ایرانی فوج کی جانب سے بحرین میں امریکی بحریہ کے ہیڈکوارڑ اور فوجی اڈوں پر حملوں کے نتیجے میں 160 امریکیوں کے ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 787 ہوگئی جب کہ ایران کے اسرائیل سمیت عرب ممالک میں قائم امریکی بیسز اور سفارت خانوں پر حملے جاری ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق چار روز سے جاری اسرائیلی و امریکی حملوں میں اس کے 787 شہری جاں بحق ہوچکے ہیں اور سیکڑوں زخمی ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا  ہے امریکی فوج نے ایران میں تقریباً 2,000 اہداف پر حملے کیے ہیں۔سینٹکام کے مطابق حملوں میں ایران کی آبدوزیں اور 17 بحری جہاز بھی تباہ کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد خلیج عرب، ہرمز اور خلیج عمان میں کوئی ایرانی بحری جہاز موجود نہیں۔امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے 500 بیلسٹک میزائل اور 2,000 سے زائد ڈرون داغے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے  اسرائیلی لڑاکا طیارے نے تہران میں ایرانی طیارے کو مار گرایا۔ دعویٰ کے مطابق ایرانی طیاریکو اسرائیلی ایف 35 طیارے نے تہران کی فضا میں نشانہ بنایا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ اسرائیلی فوج خامنہ ای کے بعد مقرر کیے جانے والے کسی بھی جانشین کو نشانے پر رکھے گی۔ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ   نے کہا  ہے کہ ایران سے جنگ میں امریکا جیت رہا ہے، ایران پر مزید حملوں کی نئی لہر جلد شروع کریں گے، مزید فوجی بھی آرہے ہیں۔واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایک ہفتے میں ایرانی حملوں پر مکمل قابو پا لیں گے، ہم انہیں مار رہے ہیں اور وہ گر رہے ہیں، امریکا درست نشانہ لگانے والے کشش ثقل والے بموں کا لامحدود ذخیرہ استعمال کرے گا‘سری لنکا میں گالے بندرگاہ کے قریب ایرانی بحریہ کا جنگی جہاز ڈوبنے کے بعد بحرِ ہند میں بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کی وزارتِ دفاع کے بیان میں بتایا گیا ہے جکہ جنگی بحری جہاز پر تقریبا 180 سوار تھے جن میں 140 تاحال لاپتہ  ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 30 افراد کو ریسکیو آپریشن کے دوران سمندر سے  باحفاظت نکال لیا گیا لیکن زخمی ہونے کے باعث قریبی  ہسپتا ل منتقل کیا گیا ہے‘ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر غیر قانونی جنگ مسلط کی، جنگ کی شروعات ایران کی جانب سے نہیں کی گئی۔ تہران میں عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران خطے کے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، ایران خطے میں صرف عسکری تنصیبات اور امریکی مفادات کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم ان فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں جنہیں امریکا ایران پر حملوں کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ ہمیں خطے کے اجتماعی امن اور سالمیت کا پوری طرح خیال ہے