پہلے سیمی فائنل میں بھارت، آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے ہراکر فائنل میں پہنچ گیا، 265 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں حاصل کیا
دبئی(سپورٹس ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت کی فتح کیساتھ ہی پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی کے میزبانی سے فائنل کی میزبانی بھی چھن گئی۔ چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔دبئی میں کھیلے گئے ایونٹ کے ناک آوٓٹ مقابلے میں بھارت نے 265 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 84 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شریاس ایر 45، ہاردک پانڈیا 28، کپتان روہت شرما 28، اکشر پٹیل 27 اور شبھمن گل 8 رنز بنا کر آوٓٹ ہوئے۔کے ایل راہول 42 اور رویندر جڈیجا 2 رنز بنا کر ناٹ آوٓٹ پویلین لوٹے۔آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زیمپا نے 2، 2 جبکہ کوپر کونولی اور بین ڈوارسہوئس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم 50 ویں اوور میں 264 رنز بنا کر آوٓٹ ہوگئی تھی۔کینگروز کی جانب سے کپتان سٹیون سمتھ 73 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ایلکس کیری 61، ٹریوس ہیڈ 39، مارنس لبوشین 29، بین ڈوارسہوئس 19، جوش انگلس 11، نیتھن ایلس 10، گلین میکسویل 7، ایڈم زیمپا 7 اور کوپر کونولی 0 رن بنا کر آوٓٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، ورون چکروتی اور رویندر جدیجا نے 2، 2 جبکہ اکشر پٹیل اور ہاردک پانڈیا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔