چیف جسٹس صاحب کو چاہیے سب سے پہلے بانی کے کیسز پر فیصلہ کریں،جلدسماعت کی درخواستیں دیتے رہیں گے
راولپنڈی(آن لائن)بانی پی ٹی آئی کے مرکزی وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف کیسز پر پہلے ٹی ٹوئنٹی اور پھر ون ڈے فارمیٹ حکمت عملی اپنائی گئی اور اب اب نئی حکمت عملی کے تحت ٹیسٹ میچز کی حکمت اپناکر لمبی تاریخیں ڈالی جارہی ہیں‘ہم جلد سماعتوں کی بار بار درخواستیں دینگے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کیسز میں ابتداء میں سرکار کی حکمت عملی ٹی ٹوینٹی کھیل کی رہی۔اسکے بعد القادر کے کیس میں ون ڈے فارمیٹ کی حکمت عملی اپنائی گئی۔سارے کیسز ایک ایک کرکے اپنی موت مرگئے۔اب نئی حکمت عملی کے تحت ٹیسٹ میچز کی حکمت اپناکر لمبی تاریخیں ڈالی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری مرضی کی پیشیاں ہوں تو باقی دو کیسز بھی دنوں میں ختم ہوجائینگے۔رمضان المبارک میں مجھے نہیں لگتا ہے اڈیالہ میں کوئی سماعت ہو۔بیرسٹرسلمان صفدر نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب کو چاہیے سب سے پہلے بانی کے کیسز پر فیصلہ کریں۔بنچز کی کوئی کمی نہیں ججز کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔ہم عدالتوں سے ضمانت نہیں مانگ رہے میرٹ پر فیصلے مانگ رہے ہیں۔ہم جلد سماعتوں کی بار بار درخواستیں دینگے۔