میچ کیلئے لاہور میں سکیورٹی سخت رہی

لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے ایک روزہ میچ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ایس پی ڈولفن بلال احمد نے ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے ملاقات کی اور ملکی صورتحال سمیت میچ سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ ایس پی ڈولفن نے نجی ہوٹل کے اطراف سکیورٹی انتظامات، ٹیموں کی آمد و رفت کے روٹس اور دیگر حساس مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹیموں کی موومنٹ سے قبل روٹس کی سکیورٹی چیک کرتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے دوران سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ایس پی بلال احمد نے روٹ ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ وزیبلٹی ٹیموں کی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا اور اہلکاروں کو گاڑیوں کی درست سمت اور سٹینڈنگ پوزیشن کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایس پی ڈولفن نے قذافی اسٹیڈیم کے انتہائی حساس اور اندرونی حصوں میں سول لباس میں تعینات اہلکاروں اور ایلیٹ فورس کی ڈیوٹی کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ قذافی اسٹیڈیم اور روٹ ڈیوٹی پر تعینات تمام جوان مکمل طور پر الرٹ رہیں تاکہ میچ کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔