لاہور (کرائم رپورٹر) لوئر مال پولیس نے عیدالاضحی سے قبل اپنے مالک کی عید خراب کرنے والے بکرا چور کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ارسلان بکرے چروانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا تھا اور بعد ازاں واپس نہ آیا۔ مالک کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد لوئر مال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم ارسلان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم اڑھائی لاکھ روپے مالیت کے دو بکرے لے کر فرار ہوگیا تھا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم نے دونوں بکرے فروخت کرکے رقم ہڑپ کر لی تھی، جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے شاطر ملزم کی گرفتاری پر ایس ایچ او لوئر مال نبیل محسن اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔