ماحولیاتی تحفظ قومی ذمہ داری، موسمیاتی تبدیلی سنگین عالمی چیلنج ہے: نیول چیف

پاکستان نیوی ماحول کے تحفظ اور مینگرووز کی بحالی کے لئے پرعزم ہے:ایڈمرل نوید اشرف کا پیغام
 اسلام آباد  (   آن لائن )عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نشانِ امتیاز (ملٹری) نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی موجودہ دور کے سنگین ترین عالمی چیلنجز میں سے ایک ہے جس کے اثرات پوری دنیا میں انسانی زندگی، معیشت اور ماحولیات پر مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سال 5 جون کو منایا جانے والا عالمی یومِ ماحولیات ماحول کے تحفظ اور اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس سال کا موضوع ’’موسمیاتی تبدیلی کے تدارک کے لیے عالمی پکار‘‘ ہے جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت، سطح سمندر میں اضافہ، گلیشیئرز کا پگھلاؤ، شدید سیلاب، خشک سالی اور دیگر موسمی تغیرات عالمی سطح پر خطرناک صورت اختیار کر چکے ہیں۔نیول چیف نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اب صرف ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں رہا بلکہ یہ معاشی استحکام، خوراک کے تحفظ، انسانی صحت اور پائیدار ترقی سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومتوں، اداروں، صنعتوں اور معاشروں کو مل کر ایسے مؤثر اور دیرپا اقدامات کرنا ہوں گے جو ماحولیاتی تنزلی کو روکنے اور آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ مستقبل یقینی بنانے میں معاون ہوں۔