وزیر خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے،پاکستان اکنامک سروے 9جون کو جاری ہوگا
اسلام آباد( آن لائن ) وزارت خزانہ نے کہا ہے مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ 10 جون 2026 کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ پیش کریں گے جس میں آئندہ مالی سال کے لیے حکومتی مالیاتی ترجیحات، معاشی اہداف اور پالیسی اقدامات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا جائے گا۔وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق بجٹ میں محصولات، اخراجات، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے حکومتی حکمت عملی شامل ہوگی۔ حکومت مالی سال 2026-27 کے لیے معاشی استحکام، اقتصادی ترقی اور مالیاتی نظم و ضبط کے حوالے سے اپنے اہداف اور پالیسی فریم ورک کا اعلان بھی کرے گی۔اعلامیے کے مطابق وفاقی بجٹ سے قبل پاکستان اکنامک سروے 2025-26 نو جون 2026 کو جاری کیا جائے گا۔